کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز منفی ہوا لیکن آغاز میں ہی سیمنٹ ،بینکس اور انرجی اسٹاکس میں سپورٹ نے مندی کو تیزی میں تبدیل کردیا۔ گزشتہ کئ روز سے مارکیٹ میں اچھی پرفارمنس دینے والا فرٹیلائزر سیکٹر آج مندی کی لپیٹ میں رہا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس اکسٹھ پوائنٹس اضافے کے بعد گیارہ ہزار آٹھ سو سات پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی کاروباری حجم چھ کروڑ شئیرز تک محدود رہا اور فاطمہ فرٹیلائزرکمپنی کے شئیرز میں سب سے زیادہ سودے ہوئے۔ دوسری جانب لاہور سٹاک مارکیٹ میں آج ملا جلا رجحان رہا۔ ایل ایس پچیس ایک پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ تین ہزار ایک سو پچاس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں اٹھانوے کمپنیوں کے سترہ لاکھ چھبیس ہزار پانچ سو تینتیس حصص کا کاروبار ہوا۔ اکیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، چودہ کمپنیوں میں کمی جبکہ تریسٹھ کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔